✨ خالق کی طرف رجوع ✨
خالق بھی بڑا کمال کرتا ہے جب وہ دینا چاہتا ہے تو ایک ہلکی سی مسکان بھی انسان کی زندگی میں سکون بھر دیتی ہے، ایک ہلکی سی خوشی بھی اسے پرسکون کر دیتی ہے۔ اور اگر خالق نہیں چاہتا تو چاہے خوشیوں کے میلے ہوں، مسکان کی بارش ہو، وہ فرد کبھی پرسکون نہیں رہ سکتا۔
"جس شخص کو اللہ ذلیل کرے، اسے کوئی عزت دینے والا نہیں۔ بے شک اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔"
(سورۃ الحج، آیت 18)
یہ وقت ہاتھ میں ریت بھری مٹھی کی طرح ہے جتنا بھی قابو کرو، پھر بھی پھسلتی رہتی ہے۔ وقت کو مضبوطی سے پکڑو۔ ایک بار جو چلا گیا، پھر چاہے گڑگڑا کر کہو، "اے رب، واپس بھیج دے" جواب آئے گا: "بس وقت ختم ہوا۔"
تم دوڑ بھاگ میں لگے رہتے ہو۔ ذرا خالق کی طرف بھی رجوع کرو۔ خالق پر یقین رکھو۔ ہم جیسے لوگ چھوٹی بات بھی نہیں بتاتے کوئی اللہ رسول کے واسطے دیتا ہے، "پلیز بتا دو" تو ہم ٹال دیتے ہیں۔ لیکن وہ خالق تو سب کی سننے والا ہے، کسی کو خالی ہاتھ نہیں لوٹاتا۔ تم سیدھا اسی سے رجوع کرو، اسی سے جڑو، اسی سے مانگو یقین رکھو خالی ہاتھ نہیں جاؤ گے۔
"اور جو اللہ پر بھروسہ رکھے گا، تو وہ اس کے لیے کافی ہوگا، اور اسے ایسی جگہ سے رزق دے گا جہاں سے اسے وہم و گمان بھی نہ ہو۔ اللہ اپنے کام کو جو وہ کرنا چاہے پورا کر دیتا ہے۔"
(سورۃ الطلاق، آیت 3)
میرے عزیز! ہم جیسے لوگ میں بھی انہی میں شامل ہوں دو ٹکے کے ہیں، جن کی کوئی اوقات نہیں۔ ایک رتی برابر بھی نہیں۔ تو ہم جیسوں کے سامنے واسطے دے کر عرض کرنے سے ہزار گنا بہتر ہے ایک سجدہ وہ سجدہ جس میں خالق اور تمہارے درمیان کوئی شریک نہ ہو۔ تم اس سے جڑو، وہ تم سے جڑے گا۔
"فَاذْکُرُوْنِیْ أَذْکُرْکُمْ"
تم میرا ذکر کرو، میں تمہیں یاد کروں گا۔
خالق سے جڑو، عزیزو! یہ زمانہ ابھی ایسا ہے کہ کچھ نہ کچھ احساس باقی ہے۔ عنقریب یہ احساس بھی ختم ہو جائے گا۔ آج بھی بلکتے، سسکتے، روتے ہوئے کوئی نہ کوئی سن تو لیتا ہے عمل کرے یا نہ کرے لیکن عنقریب موسم بگڑنے والا ہے۔ اور ایسا بگڑے گا کہ کوئی سننے والا نہیں بچے گا۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ آغاز اسی سے کرو جو کبھی نہیں چھوڑتا۔
"اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہونا۔ اللہ تو سب گناہوں کو بخش دیتا ہے۔ بے شک وہی بخشنے والا، مہربان ہے۔ اور اس سے پہلے کہ تم پر عذاب آ جائے، اپنے پروردگار کی طرف رجوع کرو اور اس کے فرمانبردار ہو جاؤ ورنہ بعد میں تمہیں مدد نہیں ملے گی۔"
(سورۃ الزمر، آیت 53-54)
⭐ ابھی وقت ہے، ابھی وقت ہے، ابھی وقت ہے ⭐
میرے عزیز، ابھی وقت ہے۔ خالق سے رجوع کرو، کہیں یہ وقت ہاتھ سے نکل نہ جائے۔
یہ بات میں محبت سے کہہ رہا ہوں: ہم جیسے لوگ کسی کھیت کی مولی نہیں، ہم مطلبی ہیں۔ ہم اپنا فائدہ دیکھتے ہیں، دوسرا جائے بھاڑ میں۔ تو ہم جیسے لوگوں کے سامنے گڑگڑانے، بھیک مانگنے سے کچھ نہیں ہوگا کیونکہ بہت سے دلوں کے پتھر ہو چکے ہیں۔ لیکن یہ بات تمہیں مایوس نہ کرے، بلکہ سیدھا اللہ کی طرف لے جائے۔ انسان اگر تمہارا مددگار بن سکتا تو وہ زمانے گزر گئے۔ اب کوئی انسان کسی کا مددگار نہیں بن سکتا مددگار تو صرف اللہ پاک ہے۔
"کیا تم نہیں جانتے کہ اللہ ہر بات پر قادر ہے؟ کیا تمہیں معلوم نہیں کہ آسمانوں اور زمین کی سلطنت اللہ ہی کی ہے، اور اللہ کے سوا تمہارا کوئی دوست اور مددگار نہیں؟"
(سورۃ البقرہ، آیت 106-107)
میرا کام صرف راہ دکھا دینا ہے عمل کرنا یا نہ کرنا تمہارا اپنا کام ہے۔ میں اتنا ہی کر سکتا ہوں جو عام چینلز اور گروپس میں کرتا ہوں۔ ذاتی طور پر میں بھی اسی راہ کا مسافر ہوں۔
💚 تو عزیزو، سنبھل جاؤ کہیں دیر نہ ہو جائے۔ 💚
خالق تم سے راضی ہو۔
💚 Idrees Ahmed
Founder ASTRO TALKKS 🌼

0 Comments
If you have any doubt or questions please let me know